سلطان محمد شاہ آغا سوئم کا تاریخ میں اہم کردار ہے، ہمیں اپنے اثاثے اور قومی ورثے کی حفاظت کرنا ہو گی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

0
77

اسلام آباد، 11جولائی(اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ ہیرو زندہ ہوتے ہوئے مر جاتے ہیں اور کچھ اس دنیا سے جانے کے بعد بھی زندہ ہوتے ہیں، سر آغا خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہیں، ہمیں اپنے قومی ورثے کا تحفظ کرنا ہے اور اس کی معلومات اپنی نئی نسل تک پہنچانا ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر چیلنج کو قبول کرتے ہیں، عزم ، محنت اور لگن سے ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرتے ہیں۔

پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں سر سلطان محمد شاہ خان آغا سوئم کی 62 ویں برسی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آغا سوئم کا تاریخ میں اہم کردار ہے، ہمیں اپنے اثاثے اور قومی ورثے کی حفاظت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر ہمیشہ اپنی آنے والی نسلوں کے لئے سوچتا ہے اور طویل مدتی پالیسیوں کو ترجیح دیتے ہیں، انہیں آئندہ الیکشن سے کوئی غرض نہیں ہوتی، وہ ہمیشہ مشکل اور سخت فیصلے کرتا ہے، لیڈر ادارہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ سٹیٹس کو ،کو چیلنج کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان کے لئے آسان ہوتا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا حصہ بن جائے، گزشتہ 70 سالوں سے سٹیٹس کو کے ساتھ چلتے چلتے اس کا حصہ بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی ہیروز کا پیغام ہے کہ انہوں نے ملکی خود مختاری اور آئندہ نسل کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی، ہمیں اسے مشعل راہ بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو استحکام، کھویا ہوا مقام دلانا ہے، ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف جانا ہے، جہاں اصلاحات کی بات ہو وہاں پر مشکلات آتی ہیں، لیڈر ثابت قدم رہ کر نتائج حاصل کرتا ہے، یہ ہی عمران خان کا وژن ہے جسے وہ آگے لے کر چل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک اور وسطی ریاستوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھایا جا رہا ہے۔ عمران خان آئندہ نسلوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور دن رات ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کر رہے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنے تمام اہداف حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سر آغا کی شخصیت کے تمام پہلوﺅں، سماجی خدمات کی اپنی اہمیت ہے، ان کا کردار قابل قدر ہے۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد