سکھر؛ 170عازمین حج جدہ روانہ ، وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے الوداع کیا 

0
193

سکھر،05جولائی (اے پی پی ): بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھرسے 170عازمین حج کو لیکر پہلی حج پرواز جدہ روانہ ہو گئی ، وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے سکھر ایئرپورٹ سے عازمین حج کو الوداع کہا اور انہیں قوم وملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگنے کا کہا ۔

 بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھرکی وی آئی پی لاﺅنج میں پہلی حج پروازکے ذریعے جدہ کے لیے روانہ ہونے والے عازمین حج کو الوداع کہنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو تھے، اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر سعید عباسی ، اسٹیشن منیجر محمد ثالم ہاشمی ، سول ایوی ایشن ، کسٹم اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔

وفاقی وزیرمحمد میاں سومرو نے عازمین حج کی پروازکی طرف جانے کے وقت گلدستے پیش کیے اور حکومت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا ۔ تقریب سے خطاب کے دوران نجکاری کے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عازمین حج کو پاکستان اور سعودی عرب میں بہترسے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں ۔

 وفاقی وزیر نے عازمین حج پر زور دیاکہ وہ بیت اللہ شریف میں قوم اور ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں اور اپنی قوم کی عکاسی کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہر ہ کریں۔

 

وی این ایس، سکھر