سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس 

0
50

اسلام آباد،08جولائی(اے پی پی ): سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں عبدالستار ایدھی وشیہد  برہان وانی کی برسی کی مناسبت سے خراج تحسین و دعا کی گئی۔

رحمان ملک نے عبدالستار ایدھی  اور شہید برہان وانی سمیت کشمیر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین نےکہا کہ عبدالستار ایدھی محسن انسانیت اور محسن پاکستان ہیں ان کو انسانیت کیلئے بے پناہ خدمات کیلئے یاد رکھا جائے گا۔  انہوں نے کشمیر کے حوالے سے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کو بھارتی جارحیت کا سامنا ہے ، دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو، ہم اسکے خلاف اپنی آواز بلند کرینگے۔

اجلاس میں کمیٹی کو آئی جی پولیس اسلام آباد کی طرف سے فرشتہ ریپ و قتل کیس پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین نے کہا کہ فرشتہ قتل کیس میں اسلام آباد پولیس کی کارگردگی قابل داد اور ستائش ہے،کمیٹی آئی جی پولیس اسلام آباد، متعلقہ ایس ایس پی اور ایس ایچ او کو  کیس میں کارکردگی پر داد دیتی ہےاور پولیس کیلئے ایوارڈز کی سفارش  بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کیخلاف جو بھی جرم ہو ناقابل معافی ہے  اس لئے ہم قانون میں ترمیم کرینگے کہ بچوں کیخلاف جرائم میں صلح نہ ہو۔

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سینیٹر رانا مقبول  کی طرف سے پیش کیا جانے والااسلام آباد کمیونٹی انٹیگریشن بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

اجلاس میں سینیٹر ز جاوید عباسی، رانا مقبول احمد، پروین کلثوم، شفیق ترین سمیت آئی جی پولیس و سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔

وی این ایس،اسلام آباد