سینیٹ کمیٹی برائے تفویض کردہ قانون سازی کا اجلاس ، صحت کے حوالے سے سب کمیٹی تشکیل

0
9251

اسلام آباد، 09 جولائی ( اے پی پی):  ایوان بالا کی کمیٹی برائے تفویض کردہ قانون سازی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹرکہدہ بابر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹ کمیٹی کی گزشتہ اجلاسوں کی کار کر دگی اور ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر کہدہ بابر نے کہا کہ اس کمیٹی کا ان کی صدارت میں یہ پہلا اجلاس ہے اور سینئر ممبران کمیٹی کے تجربے سے بھر پور فائدہ اُٹھایا جائے گا۔ تفویض کردہ قانون سازی کی یہ کمیٹی 2015میں تشکیل دی گئی تھی جس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ اداروں کے قوانین اور رولز کا جائزہ لیا جا سکے۔ تا کہ معلوم ہو سکے کہ اس سے عوام کو کتنا فائدہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دے کر اداروں کے قوانین اور رولز کا بھی جائزہ لیا گیاہے۔ ابھی بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ مختلف اداروں نے اپنے قوانین کے مطابق رولز مرتب نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ ایوان بالا کے شعبہ تحقیق سے مدد حاصل کی جائے وہ تحقیق کر کے کمیٹی کو آگا ہ کریں کہ کن اداروں کے رولز میں ترمیم کی ضرورت ہے اور جو رولز بنائے گئے ہیں اُس سے عوام کو کتنا فائدہ ہو رہا ہے۔ پہلے اُن اداروں کے رولز کا جائزہ لیا جائے جن کابراہ راست تعلق عوام سے ہے۔سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ کمیٹی کیلئے چیئرمین سینیٹ سے مزید ممبران لیے جائیں تاکہ اس کمیٹی کی افادیت میں اضافہ ہو سکے۔سینیٹرز ڈاکٹر اسد اشرف اور سلیم ضیا نے کہا کہ کمیٹی کیلئے ایک لیگل ایڈوائز بھی لیا جائے تاکہ اداروں کے رولز کا جائزہ لینے میں مدد مل سکے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بجلی و گیس کے بلوں سے عوام شدید متاثر ہو رہی ہے۔پہلے ان اداروں کے رولز کا جائزہ لیا جائے۔جس پر اراکین کمیٹی کی متفقہ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں ایف بی آر کو طلب کر کے ان کے رولز اینڈ ریگولیشنز کے علاوہ ایف بی آر سے اس حوالے سے آگاہی حاصل کی جائے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر کہدہ بابر نے رکن کمیٹی ڈاکٹر اسدا شرف کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی جو صحت کے شعبے سے متعلقہ قوانین اور رولز کا جائزہ لے کر کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔

 ذیلی کمیٹی میں سینیٹرز کلثوم پروین اور سلیم ضیاء کو شامل کیا گیا۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز کلثوم پروین، ڈاکٹر اسد اشرف، روبینہ خالد اور سلیم ضیا نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد