سی پیک کے تحت طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم عمران خان

0
217

اسلام آباد ، 12 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کوچینی کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں 55 سے زائد مختلف چینی کمپنوں کے سربراہان شامل تھے۔

ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی و دیگر شریک تھے۔ پاکستان میں چین کے سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ یہ ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔ مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ سمال اور میڈیم شعبے سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے اور انڈسٹری پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی منتقلی کے نتیجے میں پہلے سال پچاس ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کی عوام گہری دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین کی قیادت کے وڑن اور تدبر خصوصا امن و ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے ضمن میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی شعبہ قائم کیا ہے تاکہ ان منصوبوں کی بلا رکاوٹ پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے، حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

چینی سفیر نے وفد میں شامل مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی کمپنیوں کی دلچسپی کو اجاگر کیا۔ چینی سفیر نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دور میں سرمایہ کاری کے فروغ اور غیر ملکی کمپنیوں کو کاروبار میں سہولیات بہم پہنچانے کے ضمن میں واضح پیش رفت اور عزم دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مضبوط ، خوشحال اور نیا پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے ، صنعتی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں چین کی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

 وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے حکومت کی تجارتی پالیسیوں اور خصوصا سی پیک منصوبوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے شرکاءکو آگاہ کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد