صحت انصاف کارڈ سے تمام بڑے چھوٹے بیماریوں کا علاج ممکن بنایا جائیگا: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

0
106

پشاور، 01جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پورے صوبے میں صحت سہولت پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈ کی فراہمی میں تیزی لانے اور عوام کو بہتر صحت سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صحت انصاف کارڈ سے تمام بڑے چھوٹے بیماریوں کا علاج ممکن بنایا جائیگا ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام دوست حکومت نے صحت سہولت پروگرام غریب اور نادار خاندانوں کو علاج معالجہ کے لئے شروع کیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کوپورے صوبے تک توسیع دے دی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ صحت سہولت پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 اجلاس میں وزیراعلیٰ کو صحت سہولت پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ صحت انصاف کارڈ سے صوبے بھر کی عوام کا مختلف ہسپتالوں میں تمام چھوٹی بڑی بیماریوں کا مفت علاج ممکن بنایا جائیگا جبکہ صحت انصاف کارڈ کی مرحلہ وار فراہمی میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں قبائلی اضلاع کے دس لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے کارڈ ز کی چھپائی مکمل کی جا چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صحت انصاف کارڈ ز کی تقسیم کے لئے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کا انتخاب بھی مکمل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صحت انصاف کارڈ ز کی مرحلہ وار تقسیم کی جائیگی ۔

وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ صحت انصاف کارڈ کی پورے صوبے کے خاندانوں تک فراہمی میں تیزی لائی جارہی ہے جبکہ صوبائی صحت سہولت پروگرام کے استعداد کار کوبھی مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ہشام ا نعام اللہ خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری ہیلتھ فاروق جمیل، ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 وی این ایس، پشاور