قبائلی ضلع باڑہ میں  پہلے پولیس اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

0
121

پشاور، 10جولائی ( اے پی پی) :سی سی پی او پشاور کریم خان نے ضلع خیبر کے خصوصی دورہ کے موقع پر  قبائلی تھانہ باڑہ کا افتتاح کرنے کے بعد باڑہ میں ٹریفک پولیس دفتر کا بھی افتتاح کیا ، اس موقع پر سی سی پی او کریم خان نے کہا کہ انضمام کے بعد پسماندہ علاقوں میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس کے ثمرات قبائلی عوام تک پہنچیں گے، دورہ کے دوران سی سی پی او کریم خان نے باڑہ میں امن و امان کی بحالی کی خاطر پولیس رائیڈرز سکواڈ کا بھی افتتاح کرتے ہوئے ابتدائی طورپر ان کو خصوصی طور پر 8موٹر سائیکل فراہم کئے ۔

بعد ازاں سی سی پی او کریم خان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی عوام کے ساتھ کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا، جس میں علاقہ مشران، قبائلی ملکان، سفید ریشوں اورمختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر سی سی پی او کریم خان کو قبائلی عوام کی جانب سے روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔

کھلی کچہری کے دوران قبائلی مشران سی سی پی اوکریم خان کا علاقہ کا دورہ کرنے اور وہاں مختلف پولیس دفاتر کو قائم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، قبائلی مشران نے اس موقع پر کہا کہ ضلع خیبر کے تمام قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، انہوں نے علاقہ میں امن و امان کی بحالی اور دیگر جرائم پیشہ افرا د کے خلاف پولیس اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

وی این ایس، پشاور