مریم نواز نے پارٹی کو تباہ کردیا،ویڈیو کیس میں بھی یہ پورس کی ہتھنی ثابت ہوں گی:شیخ رشید

0
40

لاہور،13 جولائی(اے پی پی ):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جس طرح مریم نواز نے پارٹی کو تباہ کیا ہے ویڈیو کیس میں بھی یہ پورس کی ہتھنی ثابت ہوں گی ، ویڈیو ان کے اپنے گلے پڑ جائے گی ،وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کے معاملے میں ایک عرب ملک کے بادشاہ کو صاف الفاظ میں جواب دے چکے ہیں ،22جولائی کو عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملنے جارہے ہیں اور دونوں کا مزاج ایک جیسا ہی ہے ، یہ بڑی مشکل میٹنگ ہو گی،میں اس وقت عدلیہ اور فوج کو جمہوریت اور سیاست کی ضامن سمجھتا ہوں ، عدلیہ اور فوج پر الزام لگا کر ٹارزن بننے کی کوشش کرنے والے ٹکٹکی پر لٹکنے جارہے ہیں ، چیئرمین سینیٹ کا دلچسپ او رکانٹے دار مقابلہ ہوگا اور میں صادق سنجرانی کو کامیاب ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں ،اکبر ایکسپریس کے حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ، تمام لوکو موٹیوز میں کیمرے نصب کرنے جارہے ہیں ، ریلوے کی موجودہ دور کی تمام انکوائریاں ایک ماہ میں نمٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ریلو ے ہیڈ کوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے 1500ان مینڈ پھاٹک ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں، ایم ایل ون منصوبے کے بعد تمام پھاٹک بند ہو جائیں گے اور ٹریک کے اطراف کے رہائشیوں کو انڈر گراﺅنڈ یا اوور ہیڈ برج سے ریلوے کراسنگ کا راستہ دیا جائے گا۔ اکبر ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے ، اس میں ڈرائیور ، اسٹیشن منیجر اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور کی بھی جو انکوائریاں ہیں انہیں بھی ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کر کے ذمہ داروں کو محکمے کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ڈرائیورز کے انٹرویوز ہو چکے ہیں انہیں والٹن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ، ٹی ایل اے کے معاملے پر چار رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ، ٹی ایل اور وزیر اعظم پیکج کے ملازین کو جلد مستقل کر دیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے 4ارب کا خسارہ کم کیا ہے جبکہ اپنی آمدنی کے ہدف سے زائد کمایا ہے۔ 19جولائی کو آخری مسافر ٹرین میانوالی ایکسپریس چلانے جارہے ہیں، ہم نے 288 کوچز اور ویگنز اکٹھی کی ہے جن میں سے 178کو سکریپ کرنے جارہے ہیں جبکہ باقی 100کو تیار کر کے انہیں کراچی او رلاہور میں کھڑا کریں گے، اس وقت 136مسافر ٹرینیں اور 55ٹرینیں روزانہ کی بنیاد پر چل رہی ہیں اور بمپر ٹو بمپر ہیں۔ پاکستان بہت بڑا ملک ہے اورہم نے سب کو سہولت دینی ہے ، ہم دس اے سی کوچز سٹینڈ بائی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لئے ایسکیلیٹر نصب کرنے جارہے ہیں اور اس کے ٹینڈر کے لئے 145دن چاہئیں جبکہ اسی طرح نئی کوچز کا ٹینڈر کیا ہے اور اس کے لئے 45 دن درکار ہیں جس میں روس ، ترکی سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ سکھر ڈویژن میں ہے جہاں کوئی افسر جانے کو تیار نہیں اور اس کی وجہ 2010ء سے 2014 ء کے حالات ہیں۔ ایم ایل ون میں نواب شاہ ، کنڈی ٹریک کو پہلے ٹھیک کریں گے اور ریلو ے ترقی کرے گا، ہم نے لوکو موٹیو میں بھی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیاہے ، بلیک باکسز کے بارے میں معلو م نہیں کتنے کا لگے گا لیکن ٹریکر کو آگے لے کر جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے میں 1122کی طرز پر منصوبے لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اچھی کارکردگی ریلوے کی ہے اور ہم دستاویزات دیں گے اس کا موازنہ کر لیا جائے۔

انہوں نے حادثات میں کسی سازش کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کسی کا ہاتھ نہیں، دس سالوں میں ریلو ے کے انفراسٹر اکچر پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا،جاتی امراء، ننکانہ کے اسٹیشنز پر دو ارب روپے لگا دئیے گئے،لاہور اور کراچی کے درمیان ٹرین چل نہیں رہی اوریہ کشمیر تک جانے کی باتیں کر رہے تھے، ان کے دور کے خریدے گئے جی کمپنی کے لوکو موٹیوز کی ابھی گارنٹی بھی ختم نہیں ہوئی لیکن وہ شیڈ میں کھڑے ہیں، ہم نے تمام ٹرینیں سٹڈی کے بعد چلائی ہیں، ایم ایل ٹو، تھری اور فور کا ٹینڈر بھی لگا دیا ہے، ایم ایل ٹو ایف ڈبلیو او کو دینے جارہے ہیں۔

سورس: وی این ایس ،لاہور