“وزیر اعظم احساس پروگرام” کے تحت مستحق خواتین کو ریلوے سٹیشنز پر ایک ہزار کھوکھے دئیے جائیں گے:معاون خصوصی اطلاعات

365

اسلام آباد، 04جولائی (اے پی  پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات و نشریا ت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا  ہے  کہ ریلوے سٹیشنوں پر”وزیر اعظم   احساس پروگرام “کے تحت  خواتین   کو روز گار فراہم کرنے کیلئے  اقدامات  قابل تحسین ہیں جن کے  تحت   یتیم ،  غریب  اور  بیوہ  عورتوں کیلئے پاکستان ریلوے کے تما م سٹیشنوں پر  ایک ہزار کھوکھے   دئیے   جائیں  گے ۔

اے پی پی  سے خصوصی  گفتگو میں  انھوں  نے وزیر ریلوے شیخ  رشید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ  وہ  عوام   کی مشکلات کو سمجھتے  ہوئے ان کے خاتمے  کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں  تاکہ ریلوے مسافروں کو آسان  اور بہتر سہولیات دستیاب ہوں ۔ریلوے  مسافروں  کی سہولت کیلئے وہ  نئی ٹرینیں  چلا رہے ہیں  جبکہ پہلے سے موجود ٹرینوں کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔

معان خصوصی  برائے اطلاعات نے  کہا کہ 2017  اور 2018 میں  ریلوے کا خسارہ  36 ارب تھا  جو 4 ارب کم ہو  کر 32 ارب رہ گیا ہے اور توقع ظاہر کی کہ  شیخ رشید کی قیادت میں  خسارہ  جلد   مزید کم  ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نظام میں  سو فیصد  شفافیت  ہو گی تو   ریلوے  جلد اپنے خسارے  سے باہر آجائے  گا۔

انھوں نے کہا  کہ شیخ رشید  کے آنے سے پاکستان ریلوے پر لوگوں کا اعتما د  بڑھا  ہے  اور مسافروں  کی تعداد پہلے سے  60لاکھ  بڑھ چکی ہے۔دنیا بھر میں ریلوے  سٹیشنز معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتےہیں ، پاکستان میں  بھی  ریلوے جلد خسارے سے  نکل کر  ملکی  ترقی میں  اہم  کردار ادا کرے گا۔

یاد رہے کہ   پاکستان ریلوے  نے  گزشتہ  مالی سال  میں  54 ارب 59 کروڑ  کا ریکارڈ   ریونیو کمایا ہے  جو  پچھلی حکومت  کے آخری  مالی  سال  سے 5 ارب   زیادہ ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد