پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ، اکیڈمک بلاک3کا افتتاح کیا

0
50

سکھر،13جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی  کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کا دورہ کیا اور اکیڈمک بلاک3کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب کے موقع پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاھ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، ایم این اے سید خورشید احمد شاہ، ناصر حسین شاھ، اعجاز جکھرانی، وائس چانسلر سکھر آئی بی اے نثار صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر کے ہر شہر میں سکھر آئی بی اے جیسے ادارے دیکھنا چاہتے ہیں،  قائداعظم جیسی نظریاتی جدوجہد کیلئے ہمیں پڑھے لکھے نوجوان کا ساتھ چاہئے جس سے صوبے و ملک کی ترقی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سکھر آئی بی اے کا بنیاد 1994میں رکھا اور آج یہ ادارہ عالمی معیار کا بن چکا ہے اور نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ سکھر بھی یاد ہے جو انہوں نے محترمہ کی پہلی برسی سے واپسی پر دیکھا تھا اور انہیں آج کا ترقی کرتا ہوا سکھر بھی یاد رہےگا اور سکھر آئی بی اے میں ترقی کی ساتھ ساتھ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یوٹی جیسے ہسپتالوںمیں مفت و معیاری علاج کیا جارہا ہے امید ہے کہ سکھر آئی بی اے کے نوجوان میرے ساتھ مل کر محنت کرینگے اور اپنے صوبے و ملک کی خدمت کرینگے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سکھر آئی بی اے میں خلااور انجینئرنگ کا کام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اتنی محنت اور ذہن کا کام سندھ میں ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ہیں کہ جس طریقے سے سکھر میں آئی بی اے نے ترقی کی ہے اسی طرح ہم ملک کے ہر شہر میں ترقی کرسکتے ہیں اور جب بھی نوجوانوں کی باری آئیگی تو پاکستان اس طریقے سے ترقی کریگا کہ کوئی بھی ملک ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مشترکیہ محنت اور جدوجہد سے ملک میں جمہوری، معاشی و انسانی حقوق کو تحفظ مل سکے گا، اس جدوجہد کیلئے پڑھے لکھے نوجوانوں کا ساتھ چاہئے۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی جلسوں اور اسمبلیوں میں تقاریر کے ساتھ ساتھ ہمیں نظریاتی جدوجہد کیلئے ذہین نوجوانوں کا ساتھ چاہئے اور نوجوانوں کو اسکولوں اورکرکٹ سمیت ہر میدان میں یہ ذہنی اور نظریاتی جدوجہد کرنی ہے جو کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک پرامن ملک کیلئے کی تھیں۔

تقریب کے دوران پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور کچھ وقت ان کے ساتھ گذارا۔

قبل ازیں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اکیڈمک بلاک3کا افتتاح کیا اور نالیج سینٹر، آئی ٹی لیب اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا اور معلومات حاصل کیں۔

سورس: وی این ایس، سکھر