عوام شجرکاری سے لاہور کی خوبصورتی بحال کرنے،آلودگی کم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں:وزیر اعظم عمران خان

239

لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے شجر کاری مہم کے حوالے سے بھرپور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اس مہم میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی جائے، عوام شجرکاری سے لاہور کی خوبصورتی بحال کرنے اور آلودگی کم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں کمشنر لاہور کی جانب سے لاہور رنگ روڈ (جنوبی) و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔ اجلاس میں لاہور شہر میں درختوں کی تعداد میں بتدریج کمی، زیرِ زمین پانی کی سطح کے گرنے، آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود سیوریج نظام پر عدم توجہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر اعظم نے لاہور شہر کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی غفلت اور بدانتظامی پرافسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صورتحال پر قابو پانے، خصوصاً ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے لاہور شہر کے بے ترتیب پھیلاو اور دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی فوری طور پر مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کمشنر لاہور نے شرکاءکو اگست میں لاہور میں شروع ہونے والی شجر کاری مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھرو دیگر سینئر افسران بریفنگ میں موجود تھے۔ وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق اور ندیم افضل چن بھی بریفنگ میں موجودتھے۔

سورس: وی  این ایس،اسلام آباد