اسلام آباد،30جولائی(اے پی پی ):معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کابینہ اجلاس میں قیدیوں کی حالت زار سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جوڈیٹا اکٹھا کرکے حقائق سامنے لائے گی۔ مستحق اور نادار قیدیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کی جائیگی۔صوبائی حکومتوں کیساتھ ملکر جیل اور قیدیوں کے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے گی اور کمیٹی جیل ریفارم ایجنڈے کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔
کابینہ کے اجلاس کی کارروائی کے بارے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور طیارہ حادثے کے شہداء کیلئے دعا ہوئی اور وزیراعظم کی زیرقیادت کابینہ اجلاس میں اہم امور کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ماڈل کورٹس کے قیام پر چیف جسٹس کی کاوشوں کوسراہا ہے۔ عام شہریوں کی زندگی میں بہتری لانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتیں عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تجاویز دیں۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہر اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بات ہو
نیشنل سیفٹی روڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کا مقصد ہائی وے پر ہونیوالے حادثات میں کمی لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے قومی کمیشن برائے اطفال کے قیام کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے سربراہان کے تقرر کی منظوری دی۔ سول ایوی ایشن میں سروسز اور ریگولیشن کے شعبوں کو الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ایئرپورٹ میں موجود سہولیات کے معیار کو بہتر کیا جارہا ہے۔ کابینہ نے دادو میں سیپکو اہلکار سے بدسلوکی کا نوٹس لیا۔ سیپکو اہلکار سے ہونیوالی بدسلوکی پر آئی جی سندھ کو طلب کیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے کراچی میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کراچی اور حیدرآباد میں حالیہ بارشوں سے گڈ گورننس کا راگ الاپنے والے بے نقاب ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ کابینہ نے ٹیکس گوشواروں کے متعلق اطمینان کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین ایف بی آر کی کاوشیں مثبت سمت میں گامزن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم پورٹل میں ساڑھے 7لاکھ شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔پورٹل میں موجود بقایا شکایات کا تعلق زیادہ تر سندھ سے ہے۔
وی این ایس، اسلام آباد











