اسلام آباد ، 22 جولائی ( اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان ہفتے کے روز امریکہ کے تین دن کے سرکاری دورے پر واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں ۔ اُن کا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔ امریکہ پہنچنے پر امریکی دفترخارجہ کے اعلیٰ حکام، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اپنے پہلے سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان صدرڈونلڈٹرمپ کے ساتھ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے سے متعلق امور پر مذاکرات کریں گے جن میں افغانستان میں مجوزہ امن معاہدہ سرِفہرست ہو گا۔
شیڈول کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اتوار کے دن وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔وزیر اعظم نے اپنے دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مینوں اور مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان میں صحت ، تعلیم اور خوراک سمیت مختلف شعبوںمیں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پرغور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اپنی مصروفیات کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کیں اور پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم پاکستان نے واشنگٹن ڈی سی کے مشہورکیپیٹل ایرینا اسٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا اور اپنے نئے پاکستان کے وژن سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم عمران خان کا یہ دورہ ِ امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون میں اضافے اور جنوبی ایشیاء میں عمومی اور افغانستان میں خصوصی طور پر قیام امن کیلئے ایک نئی راہ کھولے گا۔
نیوز رپورٹ (current affairs)