آبادی پر قابو پانے میں علماء کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

0
62

کوئٹہ، 16اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے وسائل میں کمی آتی ہے، ہماری پالیسیاں آبادی کی بنیاد پر بنتی ہیں  ماضی میں اس اہم عنصر پر توجہ نہیں دی گئی ہے اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس حوالے سے ایک واضح حکمت عملی اپنائیں۔

وفاقی ٹاسک فورس برائے بڑھتی ہوئی آبادی کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہری علاقوں میں دستیاب سہولیات کے باعث دیہی علاقوں سے آبادی شہری علاقوں میں منتقل ہورہی ہے اور اس رحجان کے باعث شہری علاقوں میں آبادی کے دباؤ میں اضافہ اور وسائل میں کمی ہورہی ہے، آبادی پر قابو پانے میں علماء کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے تاکہ وہ عوام میں اس بات کا شعور اجاگرکرسکیں، ہمیں اس سلسلے میں ایک موثر لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتی ہوئے آبادی پر قابو پانے میں آسانی ہو۔

صوبائی سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ 18ویں ترمیم کے بعد بہبود آبادی کا محکمہ صوبوں کے اختیار میں دے دیا گیا ہے اور بلوچستان میں 3.37% کے تناسب سے آبادی میں اضافہ ہورہا ہے جو چاروں صوبوں میں سب سے زیادہ ہے، اس سلسلے میں صوبائی ترقیاتی پروگرام میں محکمہ بہبود آبادی کے لئے 500 ملین روپے کے فنڈزمختص کئے گئے ہیں جس سے محکمے کی استعداد کار کو بڑھایا جائے گا۔

اجلاس میں صوبائی سیکریٹری بہبود آبادی عمران گچکی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، کوئٹہ