حکومت عیدالضحیٰ سادگی سے منائے گی:معاون خصوصی اطلاعات کا کشمیر ریلی سے خطاب

0
74

لاہور۔11 اگست(اے پی پی ): وزیر اعظم کی  معاون خصوصی  برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوش عاشق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال عیدالاضحی سادگی سے منائی جائیگی ‘ بھارت جموں و کشمیر میں طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے ،بھارت کشمیریوں پر جتنا بھی ظلم کر لے پیلیٹ گنز سے نہ تو جذبے خریدے جاسکتے ہیں اور نہ ہی آزادی کی جدوجہد کو دبایا جاسکتا ہے

لبرٹی چوک میں منعقدہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ لاہوریوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں‘ جنھوں نے یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کرکے کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا ہے۔  انھوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ ریاستی جبر سے آزادی کی تحریکیں نہیں رکتیں‘ کشمیریوں کا جو خون بہہ رہا ہے وہ اب رنگ لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ کی ادا ئیگی کی اجازت نہ دینا کسی مذہب اور معاشرے میں جائز نہیں ہے‘ دنیاکے کسی مذہب کے لوگوں کو ان کے مذہبی مقامات پر جانے سے نہیں روکا جا سکتا‘ ہندو سامراج کی سوچ اس واقعہ کے بعد عیاں ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام عید الاضحی پر اپنے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا‘ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

وی این ایس لاہور