وزیرِ اعظم عمران خان سے امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی ملاقات

0
79

اسلام آباد،08 (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے

معروف امریکی کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل کے گلوبل وائس چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر جون مولر  (Mr. Jon R Moellor)

جمعرات کووزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی کے پاکستان میں مستقبل کے منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

 جون مولرنے وزیرِ اعظم کو پراکٹر اینڈ گیمبل کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تیس سال سے پراکٹر اینڈ گیمبل کمپنی پاکستان میں منافع بخش کاروباری سرگرمیاں سر انجام دے رہی ہے جس کو مزید وسعت دی جائے گی،کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پراکٹر اینڈ گیمبل سوشل سیکٹر میں بھی اپنا  بھرپورکردار ادا کر رہی ہے ان میں کلین اینڈ گرین پاکستان  اور صحت و صفائی کے شعبے میں پاک صاف پاکستان نمایاں  پروگرام ہیں۔

وزیرِ اعظم نے پراکٹر اینڈ گیمبل کی منافع بخش کاروباری سرگرمیوں اور کمپنی کی جانب سے ان میں مزید وسعت لانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ   حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ برآمدات کی غرض سے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے ضمن میں خصوصی رعایات دی جا رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  بائیس کروڑ کی آبادی پر مشتمل  ایک بڑی صارف مارکیٹ، ملک کا محل و قوع،  ارزاں لیبر  اور حکومت کے کاروبار موافق قوانین و ضوابط  سرمایہ کاری اورکارباری سرگرمیوں کو  مزیدوسعت دینے کے لئے نہایت موزوں ماحول فراہم کرتے ہیں جن کا سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ملاقات میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ  زبیر گیلانی بھی موجود تھے۔

وی این ایس،اسلام آباد