صوبے بھر میں صنعتی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان

0
41

پشاور،17 اگست(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں صنعتی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،اس لئے حطار اکنامک زون ، رشکئی اکنامک زون ، بونیر اکنامک زون، ڈی آئی خان ، سوات اور مہمند ماربل سٹی کو جلد از جلد فعال بنانے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں صنعت کے فروغ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں صنعت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے روڈز اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی ممکن بنائی گئی ہے جس سے صوبے میں موجود صنعتی زونز تک سرمایہ کاروں کی رسائی ممکن ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سوات موٹروے کی تکمیل سے سوات بمعہ شمالی علاقہ جات میں صنعت کے فروغ کیساتھ ساتھ مقامی صنعتوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ ملنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ پشاور تا ڈی آئی خان موٹر وے کی تعمیر سے قبائلی علاقہ جات کو بھی مرکزی شاہراہوں سے منسلک کیا جا سکے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں اکنامک زونز کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں مدعو کیا جاسکے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورغر، چیف سیکرٹری سلیم خان ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، پشاور