لاہور:  بھارتی یوم آزادی کویوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ، شہر  میں  مختلف ریلیوں کا انعقاد

0
84

لاہور، 15اگست  (اے پی پی): پاکستان بھر میں آج بھارت کا یوم آزادی سرکاری سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے، وادی میں قابض فوج کے مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں  بھی نکالی گئیں۔

 سب سے بڑی ریلی لاہور میں نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کی۔ اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ریلی گورنر ہاؤس سے شروع ہوکر پنجاب اسمبلی پر اختتام پذیر ہوئی۔

اس کے علاوہ شہر کے  مختلف علاقوں سے جو ریلیاں نکالی گئیں وہ بھی اس میں ضم ہوتی گئیں۔ریلی کے شرکا نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم ، بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

شرکاء نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے درخواست کی کہ وہ  مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 وی این ایس ، لاہور