مضبوط اور خوشحال افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشائی خطے کیلئے انتہائی ضروری ہے:چیئرمین سینیٹ

0
58

اسلام آباد،22 اگست(اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشائی خطے کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ افغانستان میں امن و امان کی بہتری سے پاکستان سمیت پورے خطے کا امن وابستہ ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں افغانستان کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ  معاشی تعاون اور علاقائی روابط کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افغانستان کا مسئلہ طاقت کے استعمال کی بجائے گفت و شنید سے حل کرنے کی ضرورت ہے اور اس عمل کی قیادت خود افغانستان کو کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی تکریم مشترکہ مفادات اور عدم مداخلت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور ہم افغانستان میں مستحکم حکومت کے خواہش مند ہیں جس کیلئے پاکستان کی کوئی پسند نہ پسند نہیں ہے۔ افغانستان کے لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے خود کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پاکستان قیام امن کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے حوالے سے جاری مزاکرات کے حوصلہ افزا نتائج کیلئے پرُ امید ہے اور کہ اس سلسلے میں مثبت پیش رفت اور نتائج سامنے آئیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افغان پارلیمانی وفد کا ایوان بالاء کی دعوت پر پاکستان کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے تا کہ دونوں ملکوں میں ترقی کی راہیں کھل سکیں۔ پاکستان حکومت ریاست اور عوام ہمیشہ سے افغان بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل میں موجود رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ تسلسل برقرار رہے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے اورتوقع ہے کہ افغانستان اس سلسلے میں کشمیری بھائیوں کی بھرپور معاونت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ وفود مختلف ممالک میں بھیجے جائیں گے تاکہ کشمیروں پرہونے والے مظالم کو دنیا بھر میں اُجاگر کیا جا سکےاور افغانستان کی اہمیت کی پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ میں بطور چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی مشترکہ طور پر افغانستان کا دورہ کریں گے۔

 6رکنی افغان پارلیمانی وفد کے سربراہ سینیٹر فیض خان وکیلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دورے کی دعوت اور مہمان نواز ی پر چیئرمین سینیٹ اور ارکان سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان جہاد کے دوران جسطرح پاکستان نے افغان مہاجرین کی خدمت کی اُسکی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انفراسٹکچر کی بہتری کیلئے بھی پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اسے افغانستان کے پسماندہ علاقوں تک توسیع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے حوالے سے قوانین کو زیادہ موثر بنانے کی ضرورت ہے اور صحت کے شعبے میں پاکستان کے لوگ افغانستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اس سے نہ صرف افغانستان میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ دونوں ملکوں کی عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع ملیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے افغان پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔

 وی این ایس، اسلام آباد