ننکانہ صاحب میں ریلی کا انعقاد ،یوم آزادی کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

0
28

ننکانہ صاحب،  14 اگست ( اے پی پی ): یوم آزادی کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف ننکانہ صاحب میں بھی ریلی کا انعقاد کیا گیاجس کی قیادت وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ نے کی۔

ریلی ہاکی سٹیڈیم سے شروع ہو ئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گول چکرپہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی آزادی کے حق  میں نعرے درج تھے،شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے اپنے آزادی کے دن اظہار یکجہتی کشمیر سے ثابت کر دیا ہے کہ ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بہت جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی اور کشمیریوں کی جلد آزادی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ریلی میں اراکین اسمبلی،ڈپٹی کمشنر راجا منصور احمد،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی جا وید اقبال بابر، سکھ،مسیح اور ہندوں کمیونٹی کے رہنماؤں،اراکین اسمبلی،ضلعی افسران،علمائے کرام،وکلاء،سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سورس : وی این ایس، ننکانہ صاحب