وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کشمیر کور گروپ کا اجلاس،مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

0
83

اسلام آباد ، 22 اگست (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کشمیر کور گروپ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والی انسانی صورتحال اور بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام سے امن و امان کو لاحق سنگین خطرات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق عالمی دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی محاذوں پر خصوصی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اجلاس میں 5 اگست 2019ء کے بعد سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈائون اور بھارتی جبر اور بڑھتے ہوئے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں اوربین الاقوامی میڈیا نے صورتحال کی سنگینی کا اعتراف کیا ہے اور کرفیو اور دیگر پابندیاں ہٹانے اور کشمیری عوام کی مشکلات کے فوری خاتمے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھ رہا ہے۔

اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سیاسی، سفارتی، قانونی اور میڈیا کے محاذ پر پاکستان کی کوششوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر خارجہ، وزیر قانون و انصاف، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد