پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

0
37

 لاہور15، اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کہا  ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ    کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

 فیصل چوک میں یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اقوام متحدہ   سے مقبوضہ کشمیر  میں بھارت کی زیادتیوں کا نوٹس لینے کی درخواست کی ۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں 36 سڑکیں اور 9 پارک کشمیر سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔انھوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک شاہراہ  کو اور ڈویژن کی سطح پر ایک پبلک پارک کو بھی کشمیر کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ  نے  کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی محاذ پر تنازع کشمیر کو اجاگر کیا ہے ۔ پاکستان کی عوام اور  حکومت ہر ہفتے علامتی طورپر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے  گی  اور کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا مقدمہ لڑا جس پر   وزیراعظم اور آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 ریلی  کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو بالآخر حل کرنا پڑے گا ۔

 وی این ایس  ، لاہور