پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاون؛ آلائشوں سے تیل تیار کرنے والے 2 یونٹس سیل

0
17

لاہور، 17 اگست(اے پی پی): آلائشوں سے تیل تیار کر کے ہوٹلوں کو سپلائی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاون ، قربانی پر جمع کی گئی آلائشوں اور چربی سے تیل تیار کرنے والے 2 یونٹس سیل اور 13ہزار 885 لیٹر تیل برآمد کرلیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہورزون میں 27، راولپنڈی زون میں 34 جبکہ جنوبی پنجاب میں 6 یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ راولپنڈی میں کاظم فیٹ رینڈرنگ یونٹ جبکہ گوجرانوالہ میں خالد برادرز کو سیل کیا گیا. جبکہ پی ایف اے قوانین کی خلاف ورزی پر6 یونٹس کی پروڈکشن اصلاح تک بند اور 20 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

 کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ فیٹ رینڈرنگ یونٹس صر ف پنجاب فوڈ اتھارٹی سے لائسنس یافتہ بائیو ڈیزل کمپنیوں کو تیل فروخت کرنے کے مجاز ہیں۔ آلائشوں اور چربی سے نکلا تیل ماحول کو آلودہ اور متعدد موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عائد کردہ قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے یونٹس کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

سورس: وی این ایس، لاہور