گذشتہ 6 سالوں میں  120.30 بلین روپے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ

0
50

کراچی ، 07 اگست ( اے پی پی ): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 6 سالوں میں  14-2013 تا19-2018 میں مجموعی طورپر ترقیاتی کاموں پر 495.04 بلین روپے کے اخراجات ہوئے ،جس میں سے120.30 بلین روپے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے۔ انہوں نے یہ بات آج وزیراعلی ہاؤس میں صوبے کے ساحلی پٹی میں متوقع شدید بارشوں کے حوالے سے تیاری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شہر میں گذشتہ 6 سالوں کےدوران ترقیاتی کاموں پر مجموعی طورپر ہونے والے خرچ کا تخمینہ لگایاہے۔

 وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کوہدائیت کی کہ وہ آنے والی بارشوں جس کی محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کے حوالے سے لوکل باڈیز کے عملے کو الرٹ کردیں ، زیادہ تر کراچی ، ٹھٹھہ، بدین کی ساحلی پٹی اور حیدرآباد کے چند حصے متاثر ہوں گےلہذا کے ایم سی، ڈی ایم سیز ، واٹر بورڈ ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ، ایچ ڈی اے،ایچ ایم سی،واسا کو لازمی طورپر فعال ہونا چاہیے۔انہوں نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ٹھٹھہ اور بدین میں لوکل باڈیز کو فعال کرے جہاں ڈیزازسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی ان کی شدید بارشیں ہونے کی صورت میں مدد کرے گی۔

 انہوں نے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی فعال کریں تاکہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی اور لوگوں کی مدد اور تعاون کے حوالے سے فعال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ زیریں علاقے جہاں پر جب شدید بارشیں ہوتی ہیں پانی جمع ہوجاتا ہے ان علاقوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور وہاں پر سکشن پمپ بھی نصب کیے جائیں اور پانی کے رواں بہاؤ کے لیے ڈرنیج سسٹم کو بھی صاف رکھا جائے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ ہفتے بارشوں کے دوران لوکل باڈیز کے اہلکاروں، واٹر بورڈ اور ڈپٹی کمشنرز اور ان کے متعلقہ عملہ شہر میں صفائی اور لوگوں کی مدد کے حوالے سے مصروف عمل رہا ،اس مرتبہ بھی میں لوگوں کی مدد کے حوالے سے اسی لگن اور جذبے کی توقع کرتا ہوں۔

اجلاس میں وزیربلدیات سید ناصر شاہ، وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب، قائم مقام چیف سیکریٹری محمد وسیم ، چیئرپرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ،وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خالد حیدر شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ عباس ڈیتھو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

وی این ایس، کراچی