اسلام آباد ، 02 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کہ آبادی میں اضافے اور زمینی حقائق کے پیش نظر اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے اورمرتب کرنے کی ضرورت ہے جبکہ گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے بھی فوری اقدامات اور تعمیرات کے حوالے سے ذیلی قوانین کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، ٰاجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں ماضی میں ہونے والی بے ربط تعمیرات اور بغیر کسی جامع منصوبہ بندی کے ہونے والے پھیلاو اور نتیجتاً عوام الناس کو درپیش مشکلات بشمول ماحولیاتی و انتظامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی آبادی میں مسلسل اضافے اور شہر کے پھیلاو اور انتظام کے حوالے سے متعلقہ مسائل کے حل کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا جس کا نتیجہ تعمیرات میں بے ہنگم اضافہ اور گرین ایریاز کی تلفی کی صورت میں نکلا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین ایریاز میں کمی کے باعث ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کا بڑا مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آبادی میں اضافے اور زمینی حقائق کے مطابق جہاں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لینے اورمرتب کرنے کی ضرورت ہے وہاں عبوری عرصے کے لئے گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات اور تعمیرات کے حوالے سے ذیلی قوانین کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے تحت اسلام آباد میں واقع کچی آبادیوں کے مکینوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے پر کام جاری ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو جدید شہری سہولتیں میسر آسکیں اور ان کا معیار زندگی بلند ہو۔ چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں شروع کی جانے والی شجر کاری مہم پر بھی وزیرِاعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں معاون خصوصی ذوالفقارعباس بخاری، ممبر قومی اسمبلی اسد عمر، چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی اور تعمیرات، ٹاون پلاننگ، ماحولیات، قانون و دیگر متعلقہ شعبوں سے منسلک معروف ماہرین نے شرکت کی۔
وی این ایس،اسلام آباد