اسلام آباد ،28 اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پایا جاتاہے۔مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے عالمی دنیا کو روشناس کرانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے آج جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کے دوران کیا ۔ دوران ملاقات مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی وزارتِ خارجہ آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اب تک کی جانے والی کاوشوں، بین الاقوامی روابط سے آگاہ کیا جبکہ امیر جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں کچھ تجاویز وزیر خارجہ کی خدمت میں پیش کیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف سے آنے والی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اسپیشل کمیٹی برائے امور کشمیر میں شرکت پر بھی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہیے. انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرہر طرح کی ذات اور جماعت سے بالاتر ہے،مسئلہ کشمیر پوری امت بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہر باضمیر شخص کو آواز اٹھانے کی ضرورت ہے-سینیٹر سراج الحق نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے حکومت جو بھی اقدامات اٹھائے گی ہم اس کی تائید کریں گے۔
ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔
وی این ایس ، اسلام آباد