لاہور،26 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے ملاقات کی۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے زیر اہتمام 90 شاہراہ قائداعظم پر ہونے والی ملاقات میں کشمیر کی صورتحال، محرم الحرام میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ خود فرداً فرداً علمائے کرام و مشائخ عظام کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدرت علمائے کرام و مشائخ عظام کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی اورنہتے کشمیری بہن بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہارکیاگیا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیاجبکہ دفاع وطن کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے دعا کرائی۔
اجلاس کے دوران علمائے کرام و مشائخ عظام نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور اتحاد و اتفاق کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے علمائے کرام و مشائخ عظام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام کا احترام ہماری روایات کا حصہ ہے۔ علمائے کرام کے فیوض و برکات کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسی مشکل صورتحال پر قابو پانا ممکن ہوا۔ ملک قوم کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خدمات سرانجام دینے والے جیدعلمائے کرام کو سلام پیش کرتا ہوں۔علمائے کرام نے ملک و قوم کی خاطر ہمیشہ اپنی خدمات پیش کیں اور مشکل وقت کو ٹالنے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام کے مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت علمائے کرام کیلئے آسانیاں پیدا کرے گی۔ دشمن کے ناپاک عزائم مل کر ناکام بنائیں گے۔
صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں اور امید ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہے گی۔اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوگا۔
وی این ایس، لاہور