پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ، پوری قوم مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کیخلاف متحد ہے : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

205

اسلام آباد ،  23 اگست ( اے پی پی ): معاون خصوصی   برائے اطلاعات و نشریات   ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ پوری قوم مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کیخلاف متحد  ہے جبکہ  وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان  ہیں ، عالمی سطح پر کشمیر کامقدمہ لڑرہے ہیں۔

صحافی تنظیموں کی  جانب سے  نکالی  گئی یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ   کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے،عالمی برادری  مقبوضہ وادی  کے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ہیومن رائٹس واچ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جینوسائیڈالرٹ جاری کیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو ہم اپنی بقا اور انسانیت کیساتھ جڑا بیانیہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے آگاہ   کیا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کورگروپ  کی پیشرفت کا تسلسل سے جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید  کہا  کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی موثر آواز بن کر عالمی سطح پر ہر فورم پر جانے کیلئے پرعزم ہے۔

معاون خصوصی    نے کہا کہ صحافیوں کا نہتے کشمیریوں کے حق میں لائق تحسین اقدام عالمی برادری کاضمیرجھنجھوڑے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی پر صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستان قوم اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے، مسئلہ کشمیر پر روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آخری حد تک جائیں گے ،بیرونی دنیا بھارت کی ہٹ دھرمی اور مسئلہ کشمیر کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے ۔

 یاد ر ہے کہ مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیری عوام  سے  اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ ریلی  پارلیمنٹ ہاؤس  اسلام آباد سے شروع ہوئی ہے  جو چوکھوٹی آزادکمشیر تک جائے گی ۔

سورس : وی این ایس ، اسلام آباد