پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش ناکام بنانے والے سینیٹرز کو سلام پیش کرتی ہوں : ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

222

اسلام آباد، یکم اگست(اے پی پی ):معاون خصوصی برائے  اطلاعات ونشریات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے، سینیٹ کو جیل میں بیٹھے ایک قیدی کی خواہش کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی گئی، جو بری طرح ناکام ہوئی۔

پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش ناکام بنانے والے سینیٹرز کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ سینیٹ ارکان نے ثابت کردیا کہ وہ جیل سے ڈوریاں ہلانے والوں کے اشاروں پر نہیں چلیں گے،اپوزیشن کے اپنے ہی ارکان نے  انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ آج سینیٹ نے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکردیا ہے،آج پاکستان کے آئین ، جمہوریت  اور عمران خان کے بیانیے کی  جیت ہوئی ہے کہ  نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان عوام کا درد  اور احساس رکھتے ہیں،نیا پاکستان عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے اور بڑھتا رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت 18 اگست کو تعمیر پاکستان کا ایجنڈا دے گی،اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔اپوزیشن پے درپے شکست کے باوجود ہوش کے ناخن نہیں لے رہی ۔

سورس:وی این ایس اسلام آباد