چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر ہمارے موقف کی تائید کی ہے: شاہ محمود قریشی

223

اسلام آباد، 09اگست(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  چین  نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر ہمارے تحفظات اور موقف کی تائید کی ہے۔ چین نے  آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا با اعتماد دوست ہے یہ دوستی آج بھی لازوال ہے اس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔

چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  چین کے سٹیٹ کونسلر اور  وزیر خارجہ وانگ ژی سے میری ڈھائی گھنٹے پر مشتمل ملاقات ابھی مکمل ہوئی ہے،انہوں نے مصروفیات اور شارٹ نوٹس کے باوجود یہ ملاقات صدر شی کے حکم پر کی کیونکہ پاکستان اور چین کی دوستی کی نوعیت مختلف ہے اور ہمارا ریسپانس لیول بھی مختلف ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ مقبوضہ  کشمیر کے معاملے  پر انہوں نے پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کی اور انہوں نے اتفاق کیا کہ بھارت کے  یہ اقدام یکطرفہ ہیں،ان اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے سٹیٹس اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے اتفاق کیا کہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین  نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے اور اقوام متحدہ نے اسے متنازع علاقہ تسلیم کیا ہے اور اس کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے،ان کی خواہش ہے کہ اس مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے انہیں آگاہ کیا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جب کرفیو اٹھایا جائے گا تو وہاں ظلم و بربریت کا دور شروع ہو سکتا ہے جس سے مزید خون خرابے کا اندیشہ ہے اور اس کا ردعمل بھی سامنے آ سکتا ہےاور اس ردعمل کو آڑ بنا کر کوئی پلوامہ جیسی حرکت دوبارہ کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان نے جو سیکورٹی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے چین اس کی مکمل حمایت کریگا اور پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون رکھے گا،ہماری وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے تاکہ ہماری نقطہ نظر اور حکمت عملی مشترکہ ہو اور ہم یکسوئی سے آگے بڑھ سکیں۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد