اسلام آباد ، 20 اگست (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کی گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالا دیا، گزشتہ سال استحکام پاکستان کا سال تھا جبکہ رواں سال تعمیر پاکستان کا سال ہو گا، کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے، میڈیا بھارتی بربریت کیخلاف تسلسل سے آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے، مظلوم کشمیریوں کی جنگ عالمی فورمز پر موثر انداز سے لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کشمیر سے متعلق اپنی گفتگو سے آگاہ کیا، دفاعی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، جب کوئی قوم حالت جنگ میں ہو تو سپہ سالار نہیں بدلے جاتے،۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد منگل کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ مختلف وزراءنے عوامی ضروریات سے متعلق اقدامات کابینہ اجلاس میں پیش کئے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاک ترک سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک، کم لاگت مکانات منصوبے کیلئے 5 ارب روپے قرضہ فراہمی، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، گھریلو تشدد سے تحفظ اورروک تھام کے بل کی منظوری دی جبکہ کرسچین میرج اور طلاق بل 2019ءکی اصولی منظوری بھی دی گئی جبکہ وزیر مواصلات نے کابینہ کو اپنی وزارت کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ اجلاس میں یہ ہدایت کر چکے ہیں کہ ہر وزارت عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق کئے جانے والے عملی اقدامات کابینہ میں پیش کرے گی۔ اس ہدایت کی روشنی میں اجلاس کے دوران سب سے پہلے عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق تجاویز اور اقدامات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔
وی این ایس ، اسلام آباد