کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرے :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

258

لاہور،03  اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سگیاں انٹرچینج کے قریب چائنہ پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے پودا لگانے کے بعد شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شجرکاری سب کی ذمہ داری ہے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرے۔انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ہماری بقاء کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب کا 10بلین ٹری سونامی پروگرام انقلابی اقدام ہے۔ پنجاب میں پانچ سالہ منصوبے کے تحت تقریباً 50کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔پنجاب میں فی ایکڑ 21درخت کی موجودہ شرح کو 2025ء تک 28درخت فی ایکڑ لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 5.1فیصد اور پنجاب میں 3.27فیصد ہے۔ جنگلات کی کمی ماحولیاتی بگاڑ کا باعث بن رہی ہے۔ آبادی کا دباؤ اور ہاؤسنگ سکیموں کی بھرمار درختوں کے لئے موت کا پیغام بن رہی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ درخت ہمارے دوست ہیں اور دوستوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ پودا لگانا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی نگہداشت کرنا بھی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کے تحت پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں پارکوں اور گرین بیلٹس کو ڈویلپ کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔پارک کے لئے مختص جگہ پلاٹ بنا کر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔

سورس: وی این ایس، لاہور