آزاد  حکومت مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی:  وزیر اعظم آزاد کشمیر

0
22

اسلام آباد ، 11 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کا وکیل ہے، آزاد حکومت مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

بدھ کوغیر ملکی دورے سے واپسی اور سیاسی رہنماﺅں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری 72 سال بعد بھی اپنے موقف پر قائم ہیں ۔ کشمیری اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے جبر و ظلم کے ذریعے کشمیریوں کو مغلوب کرنا چاہتا ہے جس کو انہوں نے مسترد کردیا ہے۔ اس وقت مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو گئی ہے۔ 38 ویں روز بھی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ لائن آف کنٹرول کو عبورکرنے کے لئے مجھ پرعوام کا پریشر ہے اس حوالے سے آج بدھ کی رات سیاسی رہنماﺅں سے مشاورت ہو گی۔

 وزیر اعظم آزاد کشمیر  نے کہا  کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام خراج تحسین کے مستحق  ہیں، انہوں نے بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان کی بے پناہ قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر ہوا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ کشمیریوں پر مظالم کی انتہا ہو چکی ہے۔ ان کو علاج معالجے اور خوراک کی بھی سہولیات میسر نہیں جبکہ  مقبوضہ کشمیر کا  دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ انہوں نے اپنے غیر ملکی دورے سے  متعلق بتایا کہ دورہ  کے دوران  دنیا کے سامنے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ دنیا بھارتی مظالم سے آگاہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر  کی عوام قربانیاں دے رہی  ہے ، اب ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی۔

وی این ایس  ، اسلام آباد