اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے :صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت

0
28

لاہور، 11ستمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ کی بین المذاہب کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیراوقاف صاحبزادہ سعید الحسن شاہ، ایم پی اے مہندر پال سنگھ، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، سیکریٹری قانون اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے کمیٹی ارکان بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی کی بچی کی شادی کے مسئلے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پرغور وخوض کیا گیا۔ اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، دین اسلام کسی کا زبردستی مذہب تبدیل کرانے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چاہتے ہیں کہ مستقبل میں  ننکانہ صاحب جیسے واقعات کے تدارک کےلیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ایسے واقعات کی بروقت روک تھام کے لیے قانون سازی کریں گے۔راجہ بشارت  نے کہا کہ اقلیتی نمائندوں کی تجاویز بہت مثبت ہیں، قانون سازی کے وقت انہیں ضرور مد نظر رکھیں گے، کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظربھارت اس طرح کے واقعات پر سیاست کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب شادیوں کا مسئلہ تمام ممالک میں موجود ہے تاہم ہر ممکن کوشش ہونی چاہیے کہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔

وی این ایس، لاہور