امریکا میں آباد مسلمانوں کی تنظیم کیجانب سے  بابائے قوم  کے مزار  پر جراثیم کش اسپرے کا اہتمام

0
42

کراچی،23ستمبر(اے پی پی ):کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر امریکا میں آباد مسلمانوں کی فلاحی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سےجراثیم کش اسپرے کیا گیا۔ اسپرے مزار کی عمارت،باغِ قائد اعظم، ایوانِ نوادرات اور ملحقہ مزارات میں کیا گیا۔

اسپرے کا افتتاح مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر محمد عارف نے کیا، ہیلپنگ ہینڈ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر محمد عارف اور ہیلپنگ ہینڈ کے منیجر محمد عاصم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جذبہ حب الوطنی کسی سے کم نہیں۔ بابائے قوم کی جدو جہد اور مزارِ قائد مسلمانانِ برصغیر کی عقیدتوں کا محور ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ امریکا میں آباد پاکستانی وطن سے ہمیشہ جڑے رہتے ہیں، ان کا یہ جذبہ قابلِ قدر اور لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزارِ قائد پر روزانہ بڑی تعداد میں عوام آتے ہیں، اس اسپرے سے آنے والے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ محمد عارف نے کہا کہ مزارِ قائد کی انتظامیہ اس امر کا خصوصی خیال رکھتی ہے کہ مزار اور اس کے باغات میں کسی قسم کا پانی کھڑا نہ رہنے دیا جائے تاکہ مچھروں اور حشرات کی افزائش کا تدارک ہو، ڈینگی کا مچھر چوں کہ صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے، اس لیے مزار میں درختوں اور باغ میں پانی دینے کے بعد اسے خشک کرنے کا خصوصی اہتمام موجود ہے۔

وی این ایس، کراچی