حکومت کا  سرمایہ کاروں کو خصوصی معاشی زونز میں جدید سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

0
27

اسلام آباد ، 11 ستمبر ( اے پی پی): بن قاسم انڈسٹریل پارک اور کورنگی کریک انڈسٹریل پارک کے مقامی سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار، اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے اسپیشل اکنامک زونز میں ٹیکس وصول کرنے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ملاقات کی۔  اجلاس میں ایف بی آر کے چیئرمین سید شبر زیدی اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، زبیر گیلانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعظم کے مشیر نے SEZs کو فراہم کردہ ٹیکس مراعات پر روشنی ڈالی۔ ان مراعات میں کسٹم ڈیوٹی سے ایک بار استثنیٰ  اور ان زونز میں پلانٹ اور مشینری کی درآمد پر ٹیکسوں سے چھوٹ شامل ہے۔

اس موقع پر مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام سرمایہ کاروں کو 10 سال کے لئے ٹیکس کی چھٹیاں بھی دے رکھی ہیں جو بھی 30 جون 2020 تک ان خصوصی معاشی زونز میں پیداوار شروع کردیں گے۔مشیر تجارت رزاق داؤد کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس مراعات کے علاوہ، موجودہ حکومت نے SEZs میں جدید ترین انفراسٹرکچر مہیا کرکے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے اسٹریٹجک فیصلہ لیا ہے تاکہ وہ جلد سے جلد تجارتی پیداوار کو شروع کرکے قومی معیشت میں حصہ ڈال سکیں۔

میٹنگ کے دوران سرمایہ کاروں نے ایف بی آر سے ٹیکس استثنیٰ سرٹیفکیٹ بروقت جاری کرنے سے متعلق امور اٹھائے جو نئے سرمایہ کاروں کے ذریعہ سرمایہ کاری کے فیصلے لینے میں تکلیف اور تاخیر کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے چیئرمین ایف بی آر نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ وہ ایف بی آر میں ایک فوکل پرسن نامزد کریں گے جو سرمایہ کاروں سے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں درپیش کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لئے رابطہ کرے گا۔

وزیر اعظم کے مشیر نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ SEZs میں ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جن میں ٹیکسٹائل ، فوڈ پروسیسنگ ، IT & IT سامان ، لاجسٹک اور آٹوموبائل شامل ہیں تاکہ ان کی سرمایہ کاری پر زیادہ منافع مل سکے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی مرکزی کوآرڈینیشن ایجنسی کی حیثیت سے بی او آئی کی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف منصوبوں کے حوالے سے ٹیکس لگانے سے متعلق تمام معاملات حل ہوجائیں گے اور BOI سرمایہ کاروں اور ایف بی آر سمیت سرکاری محکموں کے مابین ایک پل کے طور پر کام کرے گا۔

 وی این ایس، اسلام آباد