سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں:ڈاکٹریاسمین راشد

0
30

لاہور، 12 ستمبر(اے پی پی):صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ن لیگ نے صحت کے شعبہ میں کئی ترقیاتی منصوبے ادھورے چھوڑکرصرف اپنی تختیاں لگائیں تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اورآنے والے مریضوں کودی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجارہاہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری صحت مومن آغا، سپیشل سیکرٹری نادرچوہدری، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی ودیگرافسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیرصحت نے اجلاس میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں صحت کے شعبہ میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق نے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکومختلف ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت بارے بریفنگ دی۔ وزیرصحت پنجاب نے فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسزجوبلی ٹاون، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو، نشترمیڈیکل کالج میں لیکچرتھیٹرز، بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کاقیام، بہاول پورقائداعظم میڈیکل کالج میں سیوریج اورواٹرسپلائی، پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم، ہیلتھ رپورٹنگ سسٹم، ڈی ایچ کیوسیالکوٹ کی ٹیچنگ ہسپتال میں منتقلی ودیگرترقیاتی منصوبہ جات کی پیش رفت بارے دریافت کیا۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس میں انسدادڈینگی مہم کی سرگرمیوں کابھی جائزہ لیااور کہا کہ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاشکارمریضوں کاخاص خیال رکھاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف تحقیقات کاآغازکیاجاچکاہے اور راولپنڈی میں انسدادڈینگی مہم تیزکرنے کے نتیجے میں مریضوں کی تعدادمیں کمی واقع ہورہی ہے۔

 ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کواپنے گھر، دفاتراورورک پلیسزکوصاف ستھرارکھ کراہم کرداراداکرناچاہیے۔ پنجاب کے ہر سرکاری ہسپتال میں ادویات وافرمقدارمیں موجودہیں ڈینگی بیماری پرقابوپانے کیلئے جنگی بنیادوں پرایس اوپیزپرعمدآمدکروایاجارہاہے۔

سورس: وی این ایس، لاہور