صوبائی وزیرصنعت و تجارت کی پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں دس سالہ سپیشل آڈٹ کرانے کی ہدایت

0
29

لاہور،12ستمبر(اے پی پی):صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا تیسرا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فنی تعلیمی بورڈ کے مختلف امور اوربورڈ میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

صوبائی وزیر نے بورڈ کا دس سال کا سپیشل آڈٹ کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ  بورڈ کی فنانس کمیٹی سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کی خودمختاری کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ معاملات قانون کے مطابق نہ چلائے جائیں، پرائیویٹ ٹیکنیکل کالجوں میں طالب علموں کے استحصال کو روکنے کیلئے میکانیزم بنایاجائے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فنی تعلیمی بورڈ اپنے معاملات درست کرلے، شفافیت کے علاوہ کچھ نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی بجائے ہر ایک اپنا فرض ادا کرے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ  بورڈ کی فیس جمع نہ کرانے والے ٹیکنیکل کالجوں کی سزا بچوں کا رزلٹ روک کر نہ دی جائے، واجبات ادا نہ کرنے والے کالجوں کے طالب علموں کے نتائج کا فوری اعلان کیاجائے، اگر کوئی ٹیکنیکل کالج بورڈ کے واجبات ادا نہیں کرتا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

 چیئرمین فنی تعلیمی بورڈ محمد نذیر خان نیازی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

سورس: وی این ایس، لاہور