مقبوضہ  کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، وہاں سے فی الفور کرفیو اٹھایا جائے:شاہ محمود قریشی

0
120

جنیوا(سوئٹزرلینڈ)،11ستمبر(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ وہاں سے فی الفور کرفیو اٹھایا جائے۔

جنیوا میں پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں اور بچیوں کو زبردستی اٹھایا جا رہا ہے، ان کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ خوراک اور طبی سہولیات میسر نہیں ہو رہیں جبکہ والدین بچوں کو خوف کی وجہ سے سکول نہیں بھیج پا رہے کیونکہ مواصلات کے ذرائع بند ہیں۔

شاہ محمود قریشی   نے کہا کہ ہم نے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا، اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمشنر کی رپورٹس میں پہلے سے ہی صورتحال کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کیلئے کمیشن آف انکوائری کے قیام کی سفارش موجود ہے جو غیر جانبدارانہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی سفارشات مرتب کرے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ کل انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے مشترکہ اسٹیٹمنٹ میں ہمیں 58 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی اور یہ ہمارے لیے بہت حوصلہ افزا امر ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد