وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے قائمقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی ملاقات

0
24

لاہور،12 ستمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے قائمقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے  جمعرات کو یہاں   ملاقات کی ، جس میں  باہمی دلچسپی کے ا مور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  ہم ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلیں گے۔انہوں نے کہا کہ تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کرنا  چھوڑدے۔انہوں نے کہا کہ سابق دور میں صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظر انداز کیا گیا،ہم عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے، ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیاگیا ۔سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے، ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا، اختیارات عوام کے حقیقی نمائندوں کو نچلی سطح پر منتقل کر کے بلدیاتی نظام کو نئے خطوط پر استوار کیا جارہاہے۔ موجودہ نظام میں اختیارات کے عدم توازن نے بلدیاتی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا ہے-انہوں نے کہا کہ تحریک ا نصاف کی حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا-

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ تھے،ہیں اور رہیں گے اور مل جل کرصوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں ،سابق دور میں ترقی کے نام پر تماشہ کیا گیا-انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کی شو بازیاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں ۔اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔

 پرویز الہٰی نے کہا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیا، میر ے دور حکومت میں پنجاب ترقی کی عملی تصویر پیش کررہا تھا ہم نے صوبے کے خزانے کو سرپلس چھوڑا،بدقسمتی سے ماضی کی حکومت نے صوبے کو دیوالیہ کردیا۔

سورس: وی این ایس  ، لاہور