وزیرِ اعظم  کا  متعلقہ محکموں کو اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت

0
54

اسلام آباد،11ستمبر(اے پی پی ): وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ اقتصادی زونز کے قیام کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم عمران خان  نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز  میں اب تک کی  پیش رفت  پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں   وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں  قائم ہونے والے مختلف اقتصادی زونزکے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹرئیل سٹی فیصل آبادمنصوبے پر کام اس سال دسمبر تک ، قائد اعظم اپیرل  پارک اور بہاولپور انڈسٹرئیل اسٹیٹ مارچ 2020تک  جبکہ  رشاکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کے اضلاع میں  مختلف مقامات پر نئے بزنس زونز کے قیام سے لاکھوں نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔  اجلاس میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس اینڈ ریذیڈنٹ پارکس(Cottage Business & Resident Parks) کے قیام کی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ  اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے دس اضلاع میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے کاٹیج بزنس  پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس میں بتدریج اضافہ کرکے اس کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کاٹیج بزنس اینڈ ریزیدنٹ پارک کے قیام سے جہاں مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا وہاں خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب میں مختلف شعبوں کے لئے خصوصی زونز  مثلاً ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیرِ اعظم نے مشیر تجارت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے درآمد شدہ آلات اور مشینری پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی چھوٹ دینے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو کاروبار میں سہولت پیدا ہوگی۔ معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

اجلاس میں وزیرِ توانائی عمرایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ  مرزا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ  زبیر گیلانی، صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم و دیگر سینئر افسران شریک تھے

وی این ایس، اسلام آباد