وزیر خارجہ کا کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں سابق  بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو مدعو کرنے کا اعلان

0
49

اسلام آباد، 30ستمبر(اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے  کہ کرتار پور راہداری ایک اہم منصوبہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی اس میں ذاتی دلچسپی ہے چنانچہ پاکستان نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں ہندوستان کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کو مدعو کریں گے۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ  کا دھرم بھی ہے وہ سکھ کمیونٹی کی نمائندگی بھی کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ من موہن سنگھ اس تقریب میں شرکت کریں۔ میں بطور وزیر خارجہ پاکستان سردار من موہن سنگھ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس افتتاحی تقریب میں تشریف لائیں،وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی باضابطہ دعوت بھی  سابق بھارتی وزیر اعظم کو بھیج دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سکھ کمیونٹی کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ بھی اس تقریب میں شرکت کیلئے تشریف لائیں اور بابا گرو ناننک کے 550 ویں دن کی خوشیوں میں شامل ہوں۔

وی این ایس،اسلام آباد