پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول خواتین کو با اختیار بنانے سے جڑا ہوا ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

0
47

راولپنڈی،20ستمبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی  معاون خصوصی  برائے اطلاعات  ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جو خواتین کو با اختیار بنانے سے جڑا ہوا ہے۔حکومت خواتین کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے کام کررہی ہے۔

کا میاب بزنس ویمن کا پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کردار کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب میں  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے   کہا کہ پاکستان کو حقیقی بنیاد پر آگے جانا ہے تو خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہوگا۔ حکومت  قوانین میں اصلاحات لا رہی ہے،جس میں   خواتین کے حقوق کو تحفظ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ حکومت خواتین کی سرمائے تک رسائی میں بہتری پر کام کررہی ہے جس کیلئے خواتین کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین صلاحیت سے مالامال ہیں،ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر برآمدات کو بڑھایا جاسکتا ۔ خواتین کی مدد سے ہم پاکستان کی معاشی مشکلات کو ختم کرسکتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو با اختیار بنانے کا درس دیا،نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہؓ  سے شادی کرکے دنیا کو خواتین کو با اختیار بنانے کا سبق دیا۔ وزیر اعظم کی پالیسی کا محور ریاست مدینہ سے جڑا ہے۔یہ روڈ میپ پاکستان کی تقدیر کو بدل سکتا ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد