پنجاب کابینہ  کااجلاس ، لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ

0
66

لاہور،11 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس ہوا۔ جس  میں غیر فعال پبلک سیکٹر کمپنی لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسکی کابینہ نے منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پبلک سیکٹر کی دیگر کمپنیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ سرکاری کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ کو کمپنیوں کے بارے میں جلد حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں رواں مالی سال برائے 2019-20 کیلئے شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کیلئے گرانٹ ان ایڈ مختص کرنے اور اجراء کی مشروط منظوری دی گئی، شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کو 3.034 ملین روپے جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے  “احساس” پروگرام پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ پروگرام معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے تحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔

اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کی منظوری دی گئی جس کے تحت پنجاب میں 194 شہری اور 3316 دیہی لوکل گورنمنٹ اداروں کے فنڈز کے استعمال کیلئے حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں منہ کھر کنٹرول پروگرام اور مویشیوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے یونی لیٹر ٹرسٹ فنڈ پروگرام کے تحت معاہدے کی اجازت دی گئی ۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں قائداعظمؒ کے یوم وفات پر انہیں  خراج عقیدت پیش کیا گیا، سردار عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظمؒ جیسا عظیم لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے، قائداعظمؒ نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں اپنی صحت کی بھی پرواہ نہ کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں آج بھی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے، 70 سال گزرنے کے بعد بھی ہندوؤں کے انتہاپسند رویوں نے علیحدہ وطن کیلئے قائداعظمؒ کے نظریات کو درست ثابت کیا۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی طرف سے مسلسل آٹھ ہفتے سے جاری کرفیو اور لاک ڈاؤن کی مذمت کی گئی اور پنجاب کابینہ نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہو چکا ہے۔ پنجاب اور پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 16 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وی این ایس، لاہور