کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام لیجنڈ اداکار عابد علی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

0
31

کراچی،20ستمبر (اے پی پی): آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام لیجنڈ اداکار عابد علی  کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا  انعقاد کیا گیا۔ منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں  کراچی  آرٹس کونسل کے  صدر احمد شاہ نے کہا  ہے کہ فن اور آرٹ کی زمین تخلیقی صلاحیت والی شخصیات سے محروم ہوتی جا رہی ہے، عابد علی جیسے لیجنڈ اداکار کے انتقال سے اس خلا میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

معروف اداکار و کمپئیر ساحر لودھی نے کہا کہ عابد صاحب ہمارے لیے ایک اکیڈمی کی طرح تھے ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔ معروف پروڈیوسر اقبال لطیف نے کہا کہ میرا اور عابد علی مرحوم کا تعلق چار دہائیوں پر مشتمل ہے وہ مجھے اپنے ہاتھ سے کھانا بنا کہ کھلاتے تھے۔نامور اداکار اور مرحوم عابد علی کے بھانجے فیصل قریشی نے کہا کہ وہ ایک عظیم انسان تھے وہ رشتوں کی اقدار کو نبھانے والے انسان تھے۔ بطور ایکٹر اور ڈائریکٹر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ بہت ورسٹائل شخصیت کے مالک تھے۔

تقریب میں عابد علی کی شریک حیات رابعہ نورین  اور ان کی بیٹی کا  آڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔  تعزیتی ریفرنس میں فنکاروں کی بڑی تعداد شامل تھی جن میں مصطفیٰ قریشی، کاظم پاشا، روف لالہ، ایم وارثی، مرحوم عابد علی کی بہن شاہدہ صاحبہ اور سالی صباحت بیگم بھی شریک ہوئیں۔

سورس: وی این ایس، کراچی