کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں ، انکے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

0
32

اسلام آباد ، 10ستمبر(اے پی پی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ10 محرم کا تاریخی دن شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہےجب حضرت امام حسین دین کی سرفرازی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے تھے، اس دن انہوں نے اسلام کے روشن اور سنہری اصولوں پر سمجھوتہ قبول نہ کیا۔

سماجی رابطہ کی  ویب سائٹ ٹوئٹر  پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوم عاشور کا عظیم درس یہ ہے کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے  اور حق سچ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وہ یوم عاشور تھا جس دن نواسہ رسول دین مبین کی سربلندی کے لئے سربکف تھے جبکہ  آج ایک کرب و بلا کشمیر میں  بپا ہے۔ کرفیو کا 39 واں روز ہے، پوری وادی ہی جیل ہے، اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت اور جنت نظیر کا  دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کربلا کا سبق “ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اسوہء شبیری پر عمل پیرا ہے،مظلوم کشمیریوں  کا  ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیری شہدائے کربلا کے راستے پر چل رہے ہیں ۔ ان کے حوصلوں کو آزمانے والوں کو شکست ہوگی۔

 وی این ایس، اسلام آباد