اسلام کا  حقیقی تشخص اجاگر کرنے کیلئے  پاک –ترک  میڈیا کے مابین تعاون ضروری ہے:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

177

اسلام آباد، 26 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اسلام کا  حقیقی تشخص اجاگر کرنے کے لئے پاکستان اور ترکی کے میڈیا کے مابین تعاون ضروری ہے ۔

جمعہ کو یہاں  ترکی کے سفیر مصطفی یردکل سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے تین راہنمائوں طیب اردوان، مہاتیر محمد اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ہونے والی گفتگو کے مطابق  ہمارے عظیم مذہب سے  متعلق خلاف فہمیاں دور کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ترکی کے صدر طیب اردوان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیر ایشو کی حمایت کی تعریف کی جس میں ترک صدر نے 72سالوں سے حل کے متنظر مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموںو کشمیر تنازعہ کے  مستقل حل  کیلئے اصولی موقف اور تعاون پر  پاکستان کی جانب سے ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاک ترک تعلقات اخوت ،گہرے مذہبی اور ثقافتی بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کو ایک دوست سمجھتا ہے جس کے ساتھ  تعلقات برسوں سے تقویت کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلے،  عوام کی سطح پر   روابط کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی اقدار اور ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے وفود کے تبادلے ہونے چاہیں تا کہ ایک دوسرے کے تجربات اور مہارت  کو جان کر اس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کو سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر تا ہے، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے ہم چاہتے ہیں کہ ترک  لوگ پاکستان کی خوبصورتی بشمول گلگت بلتستان کا نظارہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ترکش کمپنیوں کے لئے پاکستان  میں تھرکول ،تھرمل ،ونڈ انرجی ،زراعت ،صحت اور ٹیکسٹائل  سمیت مختلف  شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔

ترک  سفیر نے آزاد جموںو کشمیر کے حالیہ زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا اور وزیراعظم کی معاون خصوصی کو بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد این ڈی ایم اے سے رابطہ کیا گیا اور  متاثرین کے ریلیف کے لئے تعاون کی پیشکش کی گئی ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ترکی کے سفیر کی جانب سے متاثرین کی امداد کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا ۔

ترکی کے سفیر نے بتایا کہ ٹی آر ٹی تینوں راہنمائوں طیب اردوان، مہاتیر محمد اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ہونے والی ملاقات میں زیر گفتگو آئیڈیاز کو تقویت دینے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی کے سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کریگا جس سے دونوں ممالک کے مابین سیاحت کے میدان میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔

وی این ا یس، اسلام آباد