انسانی حقوق کونسل  ، مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی  مظالم  رکوانے  کیلئے بھارت پر  دباؤ ڈالے: شاہ محمود قریشی  

238

جنیوا(سوئٹزرلینڈ)،10ستمبر(اے پی پی ):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر کرفیو  اٹھانے،محاصرے کے خاتمے ، ذرائع مواصلات کی بحالی ، چھرے والی بندوقوں کے استعمال اور خونریزی کا سلسلہ بند کرانے کےلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔بھارت مقبوضہ وادی میں  انسانی حقوق کی پامالی  کر  رہا ہے  جو  عالمی قوانین کی  خلاف ورزی ہے۔

منگل کے روز جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے بیالیسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی استدعا اور مقدمہ لے کر یہاں  آیا ہوں جن کے بنیادی اور ناقابل تنسیخ انسانی حقوق کو بھارت پاون تلے روند رہا ہے اور اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ایک منظم انداز سے مقبوضہ خطے کے عوام کو ظلم وستم کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودی حالات وواقعات نے ایک ملک کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔  گزشتہ چھ ہفتوں سے بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو کرہ ارض کے سب سے بڑے قید خانے میں تبدیل کردیا ہے جہاں بنیادی اشیائے ضروریہ اور ذرائع مواصلات تک رسائی ممکن نہیں اور ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی بھی  قلت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ صرف میں تنہا ءنہیں  بلکہ  غیرجانبدار، ممتاز عالمی میڈیا اور غیرجانبدار مبصرین جموں وکشمیر کے عوام پر ہونے والے بہیمانہ ظلم و بربریت کی مسلسل رپورٹنگ کررہے ہیں اور   یہ سب کچھ متعدد عالمی انسانی حقوق سے متعلق قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہے جس پر بھارت نے بھی دستخط کررکھے ہیں۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ عالمی قانون کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے 5 اگست 2019ءکے بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات غیر آئینی ہیں کیونکہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تنازعہ تسلیم کررکھا ہے۔ ان غیرقانونی تبدیلیوں کی وجہ سے خود بھارت کے اپنے طرز عمل سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اس نے جموں وکشمیر پر غاصبانہ اور غیرقانونی قبضہ کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وزیادتیوں کو چھپانے کی کوشش میں انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے”دہشت گردی” اور”سرحد پار دہشت گردی” کا جھوٹا لیبل استعمال کررہا ہے  اور  لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے لئے 2003ءمیں ہونے والے معاہدے کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں کرر ہا ہے۔

انسانی حقوق کونسل اجلاس  سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے خطے میں وقوع پذیر صورتحال پر سلامتی کونسل کے ارکان کی مشاورت کا خیرمقدم کیا ہے۔ سلامتی کونسل جموں وکشمیر کے تنازعہ سے جڑے امن وسلامتی کے پہلووں سے آگاہ ہے، انسانی حقوق کونسل کو ایک بڑا کردار ادا کرنا پڑیگا اور اسے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ  بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے  اقدامات کرےاور اسی  تناظر میں انکوائری کمیشن  بھی تشکیل دیا جائے۔

وی این ایس، اسلام آباد