وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے اجلاس

197

اسلام آباد ، 5 ستمبر (اے پی پی):  وزیرِاعظم عمران خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات اور ادارے میں بدعنوانیوں کے خاتمہ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام الناس اورکاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنے کےلئے مارکیٹوں کا دورہ کرنے والی ایف بی آر کی تمام ٹیمیں کسی بھی شخصی ملاقات کا موقع پر ریکارڈ مرتب کرنا یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اور ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالہ سے جمعرات کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

چیئرمین ایف بی آر نے وزیرِاعظم کو گذشتہ ایک سال کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال اگست تک 579 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے جوکہ پچھلے سال کے مقابلہ میں 14.65فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ 2017ءمیں یہ تعداد 1514817 تھی جو کہ اب 2561099 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا ڈومیسٹک ٹیکس وصولی میں 28 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعظم کو عوام الناس کا ایف بی آر پر اعتماد بحال کرنے اور سہولت کاری کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سورس: وی این ایس، اسلام  آباد