وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کی  برطانوی وزیر لارڈ طارق احمد آف ویمبلڈن سے ملاقات

265

نیویارک،26ستمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر لارڈ طارق احمد آف ویمبلڈن سے جمعرات کو  یہاں  اقوام متحدہ کے  سیکریٹیریٹ میں ملاقات کی  جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں،سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ 53 روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ انسانوں کو محصور کر رکھا ہے۔بھارت کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کے جھوٹے الزامات لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں  تاہم دوسری جانب بھارت، بین الاقوامی مبصرین اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آنے کی اجازت کیوں نہیں دے رہا۔

برطانوی وزیر لارڈ احمد نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے تحفظات بھی ہم تک پہنچ رہے ہیں اور ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے برطانوی معاونت پر ان کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد